منگل، 29 جون، 2021

حقوق العباد اور حسن معاشرت کی اہمیت

 حقوق العباد اور حسن معاشرت کی اہمیت

اسلام کی عمارت کئی اصولو ں پر استوار ہے جس میں سے ایک اہم ستون معاشرت ہے۔ اسلام میں اس پر تاکید کی گئی ہے اور اس کی وجہ سے اسلام میں حقوق العباد پر بہت زور دیا گیا ہے اور معاشرت کا تعلق بھی حقوق العباد سے ہے۔ معاشرت کی اگر جامع مانع تعریف کی جائے تو کچھ اس طرح بنتی ہے کہ اجتماعی زندگی میں رشتہ داروں سے حس سلوک ہو اپنے ساتھ کے لوگوں کے مزاج اور عادت کے مطابق برتائو کیا جائے، اور ہر ایک سے نباہ کرنے کے طریقے معلوم کرکے ان پر عمل پیرا ہوا جائے۔

آج ہماری صورتحال اس کے برعکس ہے۔ معاشرت کی درج بالا تعریف کے مطابق شاذ ونادر ہی اس پر کوئی عمل پیرا ہوگا۔ اپنے حقوق کے لیے جنگ لڑنا ہم سب کا اولین فریضہ سمجھا جاتاہے۔ دوسروں کے حقوق کی پامالی اور زبردستی ہر چیز پر اپنا حق جتانا بہادری کی علامت سمجھا جاتاہے۔ اس کی اہم ترین وجہ یہ ہے کہ ہم اسلامی تعلمیات سے ناواقف وغافل ہیں۔

آئے روز طلاقوں کی بڑھتی شرح پریشان کن ہے اور اس کا محرک بھی حقوق کی پامالی اور اپنے حقوق کے حصول کی کوشش ہے۔ والدین کو اگر دیکھا جائے تو وہ بھی اپنی اولاد کی تربیت سے غٖافل ہیں۔ والدین کو اگر کوئی فکر لاحق ہے تو وہ بس اتنی کہ بچوں کا مستقبل سنور جائے، وہ دنیامیں کسی کے محتاج نہ رہیں، اچھی تعلیم حاصل کرلیں اچھی سی نوکری یا اچھا کاروبار شروع کرلیں۔

والدین کو یہ فکر نہیں کہ ہمارے بچے معاشرت کیسےسیکھیں، لوگوں سے سلوک کیسے رکھیں۔ معاشرت انتہائی اہم ہے اس وجہ سے قرآن وحدیث میں جگہ جگہ اس پر زور دیا گیا ہے۔ ارشاد باری تعالی ہے اپنے گھروں کے علاوہ دوسروں کےگھروں میں اس وقت تک داخل نہ ہو جب تک اجازت نہ لے لو۔ اس طرح ایک اور آیت میں ارشاد ہے جب تمہیں کہا جائے مجالس میں کشادگی پیدا کرو، تو مجالس میں وسعت اور کشادگی پیدا کرو۔ یہ آیات دلالت کرتی ہیں کہ دوسروں کا حقوق کا خیال کتنا ضروری ہے۔ مجلس میں کشادگی اور دوسروں کے بیٹھنے کے لیے جگہ بنانا جب اتنا اہم ہے تو اندازہ کیا جاسکتاہے کہ دوسروں کے ضروری حقوق کا خیال رکھنا کتنا اہم ہوگا۔

ایک حدیث مبارکہ ہے کہ مہمان کو چاہیے میزبان کے پاس اتنا قیام کرے کہ وہ تنگ نہ ہوجائے۔ اس حدیث میں مہمان کو میزبان کا خیال رکھنے کا امر کیا گیا ہے۔ مریض کی عیادت اچھی بات ہے لیکن اسلام یہاں بھی زور دیتا ہے کہ مریض کے پاس زیادہ نہ بیٹھا جائے تاکہ وہ تنگ دل نہ ہو۔ صرف دل پر بوجھ اور تنگی کا اتنا خیال رکھا گیا ہے کہ مریض کے پاس زیدہ دیر بیٹھنے کو منع کیا گیا۔

درج بالا آیات واحادیث ہمیں واضح پیغام دیتی ہیں ک جس طرح وقت پر عبادت کرنا اہم ہے، اس طرح اپنے آس پاس کے لوگوں کا خیال رکھنا بھی اہم ہے۔ درس نظامی کی فقہ کی کتابوں میں عبادات کا حصہ ایک چوتھائی ہے، جبکہ معاملات تقریبا تین حصوں میں بیان کیے گئے جس سے معاشرت اور حقوق العباد کی اہمیت کا اندازہ ہوسکتاہے۔ اللہ تعالی ہمیں حقوق العباد کی رعایت کی توفیق عطافرمائے۔ 

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Earn money online through your mobile