بدھ، 23 جون، 2021

اردو زبان کی اہمیت

 قومی زبان کیوں اہم ہے

کسی بھی ملک یا قوم کی دائمی بقاء اس کی قومی زبان میں مضمر ہے اور تاریخ اس کی شاہد ہے۔ تہذیبی پہچان ہو یا ثقافتی، سب قومی زبان کی مرہون منت ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں صنعتی، معاشی اور وسماجی ترقی بھی قومی زبان کے پس منظر میں پروان چڑھتی ہے۔ ترقی کا دارومدار زیادہ تر اس پر ہوتاہے۔

دنیا کے جتنے ترقی یافتہ ممالک ہیں، ان کی ترقی کے پیچھے اگر دیکھا جائے تو اس کی قومی زبان کا ہاتھ نظر آئےگا۔ ہر ملک اپنی ہی زبان کو لے آگے بڑھا ہے۔ اپنی زبان میں تعلیم حاصل کرنا سہل ہوتاہے اور ترقی کی سیڑھیوں پر چڑھنا نسبتا آسان ہوجاتاہے۔ چین جاپان، روس اور جرمنی ہمارے سامنے زندہ مثالیں ہیں، جنہوں نے غیروں کی زبان اپنانے کے بجائے اپنی قومی زبان کو فروغ دیا اور آج دنیا کے نقشے پر ایک مانی ہوئی تہذیبیں ہیں۔

قومی زبان ذہنی آزادی کا بھی باعث بنتی ہیں۔ دوسروں کی زبان میں آگے بڑھنے سے انسان پیچھے رہتاہے اور غیروں کی ذہنی غلامی کا اسیر بن کر رہ جاتاہے۔ قومی زبان کے ضمن میں علاقائی زبانیں بھی آجاتی ہیں جن کی اہمیت وافادیت سے کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا۔ زبان اللہ تعالی طرف سے ایک بیش بہا نعمت ہے جس کے ذریعہ انسان اپنا مافی الضمیر واضح کرتاہے، اور یہ سب کچھ قومی زبان کے بعد اپنی علاقائی زبانوں کی مرہون منت ہے۔

دنیا کی دیگر زبانوں کو سیکھنے میں کوئی حرج نہیں۔ ضرورت کے تحت انگریزی اور فارسی سیکھی جاسکتی ہیں، خصوصا جب بیرون ملک روزگار وابستہ ہو یا بیرون ملک سیٹل ہونے کی امید ہو۔ لیکن دوسری زبانیں فقط ضرورت کے تحت سیکھنی چاہییں، ان کو مقصد اول بنانا عقلمندی نہیں۔

دنیا کی دیگر قومیں جب اپنی قومی زبانوں کو رواج دے کر ترقی کرسکتی ہیں، ان کے لیے اپنی زبان ترقی میں رکاوٹ نہیں تو پاکستان میں اردو ترقی کی رکاوٹ کیوں ہے، یہ ایک اہم سوال ہے۔

اردو ایک خاص اہمیت کی حامل زبان ہے۔ پاکستان کو وجود دلانے کے لیے محرک اول اسلام تھا۔ پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الا اللہ ایک برزور تحریک بن گیا۔ وہیں یہ حقیقت بھی پیش نظر رہے کہ تحریک پاکستان کے پیچھے اردو بھی ایک عنصر کے طور پر سامنے آئی تھی۔ آج بھی انڈیا میں اردو کو امتیاز کا نشابہ بنایا جاتاہے، صرف اس وجہ سے کہ اس کو مسلمانوں کی زبان سمجھا جاتا ہے اور یہ کہ تحریک پاکستان میں اہم کردار کی حامل تھی۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے واضح طور پر فرمایا دیا اردو پاکستان کی سرکاری زبان ہوگی۔ لیکن افسوس کی بات ہے کہ آج ہم اردو زبان بولنے اور لکھنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔ خود دار اور آزاد قومیں اپنی قومی زبان پر فخر محسوس کرتی ہیں، اپنی اقدار اور اپنی تہذیب کی جان سے زیادہ حفاظت کرتی ہیں۔

دنیا بھر میں قومی زبان اردو بولنے کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ تیزی کے ساتھ اردو ایک انٹرنیشنل زبان کا درجہ حاصل کررہی ہے۔ پاکستان کے علاوہ دنیا کی متعدد ممالک میں اردو زبان بولنے والوں کی کثرت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی زبان کو اہمیت دیں اور جس قدر ممکن ہو انٹرنیٹ کی دنیا میں اس کو رواج دیں۔ بجائے رومن اردو لکھنے کے اردو رسم الخط میں لکھنے کی عادت ڈالیں۔ اردو زبان میں بلاگ اور ویب سائٹ بنائیں اور اس کو ایک اہم مقام دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Earn money online through your mobile