ہفتہ، 19 جون، 2021

کرسٹیانو رونالڈو کی حرکت

کرسٹیانو رونالڈو کی حرکت
دنیا میں ہر کھیل کے شیدائی پائے جاتے ہیں لیکن فٹ بال کے شوقین دنیا بھر میں کثرت سے پائے جاتے ہیں۔ یہ وہ کھیل ہے جس کو پسند کرنے والوں کی تعداد سب  سے زیادہ ہے۔ دنیا کی آبادی لگ بھک سات ارب ہے جس میں تقریبا تین ارب لوگ فٹ بال ہی کو پسند  کرتے ہیں۔

فٹ بال خواہ کھیلنے والوں ہوں یا دیکھنے والے، دونوں کو وقت گزرنے کا احساس نہیں ہوتا اور وہ دنیا ومافیہا سے بے خبر اس کھیل میں مشغول رہتے ہیں۔ اس کھیل نے دنیا کو بہت بڑے نام دیے ہیں جنہوں نے دنیا بھر کی عوام پر اپنا گہرے نقوش چھوڑے ہیں ان میں رونالڈو سرفہرست ہیں۔

آج کی دنیا سوشل میڈیا کے گرد گھومتی ہے جہاں لمحہ بھر میں وہ واقعات پوری دنیا میں پھیل جاتے ہیں جن کا صیغہ راز میں رہنا اور رکھنا اب ممکن نہیں رہا۔ لاکھ کوششوں کے باوجود ان کو پوشیدہ رکھنا اب کسی کے بس کی بات نہیں رہی۔ ان سماجی ابلاغ کے ذرائع نے ہیرو کو زیرواور زیرو کو ہیرو بنانےکی صلاحیت بھی بدرجہ اتم حاصل کرلی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کی مشہور ہستیاں اس معاملے میں کافی حساس ہوگئی ہیں، اور وہ سوشل میڈیا کی اہمیت کو کسی صورت نظر اندازنہیں کرسکتیں۔

ایک ایسی ہی صورتحال اس وقت پیش آئی جب رونالڈو میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کررہے تھے اور مقابلے کے لیے کئی گئی تیاریوں اور اپنی ٹیم کی موجودہ صورتحال سے میڈیا کے نمائندوں کو آگاہ کررہے تھے، اس دوران جب ان کے سامنے کوکا کولا کی بوتل رکھی ہوئی تھی، اسے اٹھا کر ایک طرف رکھ دیا اور سادہ پانی کی بوتل اٹھائی اور اپنی زبان میں لفظ پانی کہا۔

رونالڈو کوئی معمولی شخصیت نہیں ہیں، ان کے چاہنے والوں کے لیے ان کی ہر حرکت اور ہر فعل معنی خیز ہوتاہے جس میں ایک مثبت یا منفی سبق پوشیدہ ہوتاہے۔ اس معمولی عمل کی بدولت کوکا کولا کو ہزاروں ڈالر خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔ اس شخص کا تعلق مذہب سے نہیں ہے، اور نہ ہی کسی عالم دین کا فعل ہے۔ لیکن دنیا بھر جس طرح کا تاثر واقع ہوا ہے وہ خاصہ معنی خیز ہے۔

یوں تو ہم ہزارہا بار سن چکے ہیں کہ ایسے مشروبات انسانی صحت کے لیے مضر ہیں، خصوصا ہڈیوں کو ان سے ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔ لیکن کون کان دھرتاہے، رونالذو کے اس فعل نے دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے اور اب ہر کوئی اس پر بات کرتا نظر آتاہے۔ سب اس طرف متوجہ ہوگئے ہیں کہ واقعی یہ سافٹ ڈرنکس انسانی جسم کو بہت نقصان پہنچاتے ہیں۔ رونالذو کے اس فعل سے جہاں اس قسم کے مشروبات کی حوصلہ شکنی ہوتی ہے وہاں اس شخصیت کی انسانی ہمدردی والی جہت بھی نمایاں ہوئی ہے کہ وہ کیسے بنی نوع انسان کو غیر صحت مندانہ غذائوں اور مشروبات سے روک رہے ہیں۔ حتی کہ انہوں نے ایک مرتبہ تو یہ تک کہہ دیا کہ میں اپنے بیٹے پر کبھی کبھی اس لیے غصہ کرتا ہوں کہ وہ کوکا کولا اور فانٹا پیتا ہے۔

علاوہ ازیں وہ فلاحی کاموں کے لیے بھی مشہور ہیں۔ پچھلے دنوں انہوں نے فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائی اور شام کے بچوں کے لیے انہوں نے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ رونالڈو کے ان افعال کی وجہ سے ان کے مخالفین بھی بڑھ گئے ہونگے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے وہ مسلمانوں کے ساتھ عافیت کا معاملہ فرمائے اور دنیا کی تمام تکالیف سے نجات عطافرمائے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

Earn money online through your mobile