ہمارا معاشرہ دنیا کے دیگر معاشروں کی طرح ہے جہاں خود غرضی اور نفسا نفسی کا دور دورہ ہے۔ بجائے اس کے کہ معاشرے کے افراد ایک دوسرے سے تعاون کریں، باہم ٹانگین کھینچنے میں مصروف ہیں،ویسے تو معاشرے میں کئی برائیاں جنم لے چکی ہیں جن کے سد باب کی طرف نہ کوئی ضرورت محسوس کرتا ہے اور نہ اس کی روک تھام کے لیے کوئی خاطر خواہ انتظام موجود ہے۔ لیکن چند برائیاں ایسی ہیں جو ہمارے معاشرے کے وجود کو گھن کی طرح کھائے جارہی ہیں۔
مثلا ایک دوسرے کی جاسوسی کرنا، دوسروں کے کاموں میں بے جا مداخلت، حسد، کسی کو نعمت مل جانے اس کے چھن جانے کی تمنا کرنا وغیرہ۔ دیکھا یہی گیا ہے کہ مشکلات میں گھرے انسان کی مدد کو تو کوئی نہیں آتا، البتہ شعوری اور لاشعوری طور پر اس بے چارے انسان کی مشکلات میں اضافہ ہوتا چلا جاتاہے۔ یہ رویہ اور طرز عمل صرف سیاست اور سماج میں نہیں ہے، بلکہ خاندانی نظام بھی اس کی شدید لپیٹ میں ہے۔
اگر گھروں میں ہونے والے جھگڑوں کو دیکھا جائے تو پس منظر میں صرف ایک ہی سوچ کارفرما ہوتی ہے کہ اپنے حقوق کس طرح حاصل کیے جائیں۔ دوسروں کے حقوق کو نظر انداز کرنا ایک المیہ ہے جو کئی ناچاقیوں کو جنم لیتا ہے۔ اس خلفشار اور بدامنی کو روکنے کے لیے معاشرہ کی تربیت ناگزیر ہے۔
لوگوں میں یہ شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے کہ مفاد پرستی اور خودغرضی مسائل کا حل نہیں ہے۔ مسائل کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ انسان دوسروں سے خیر خواہی کرے اور دوسروں کے کام آئے۔ علماء معاشرے کا ایک اہم فرد ہیں جن کی رسائی عوام تک ان کی تربیت کو آسان کردیتی ہے۔ جمعہ کے خطبات اور دیگر وعظ ونصیحت کی مجالس میں اصلاح معاشرہ کا اہم کام بخوبی انجام دیا جاسکتاہے۔
دنیا میں کئی مرتبہ دیکھا گیا ہے اچھے عقیدے اور نیک اعمال والے لوگ بھی جھگڑوں میں پیش پیش ہوتے ہیں۔ ذرا سی مزاج کے خلاف کوئی بات ہوگئی تو وہ آپے سے باہر ہوجاتے ہیں اور مرنے مارنے پر تل جاتے ہیں۔ بکثرت ایسی احادیث وارد ہیں جن میں خیر خواہی اور ایک دوسرے کے کام آنے کی ترغیب آئی ہے۔ حدیث پاک کا مفہوم ہے کامل مسلمان وہ ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔
ہمارا معاشرہ جس اخلاقی پستی کا شکار ہے اس کے لیے ہمیں بہت محنت کی ضرورت ہے۔ خیرخواہی کا جذبہ اورہمہ وقت قربانی کے لیے تیار رہنا اصلاح معاشرہ کی کنجی ہے۔ جب تک دوسروں کے حقوق کا خیال نہ رکھا جائےگا، معاشرے میں اصلاح ممکن نہیں ہوگی۔ اللہ تعالی ہمارے معاشرے کو بہتری کی طرف گامزن فرمائے۔
بدھ، 9 جون، 2021
خیرخواہی کے فوائد اور خود غرضی کے نقصانات
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)
-
قومی زبان کیوں اہم ہے کسی بھی ملک یا قوم کی دائمی بقاء اس کی قومی زبان میں مضمر ہے اور تاریخ اس کی شاہد ہے۔ تہذیبی پہچان ہو یا ثقافتی، سب ق...
-
وٹس ایپ کے کچھ مثبت پہلو وٹس ایپ ایک ایسی سروس ہے جو دنیا بھر میں مقبولیت کی نئی حدوں کو چھو چکی ہے۔ ہر وہ موبائل صارف جو سمارٹ فون کا مالک...
-
اچھی صحت کے لیے متوازن غذا کے ساتھ کئی دیگر عوامل پر کاربند ہونا بھی ضروری ہے جن میں توازن اور اعتدال کے ساتھ اٹھنا اور بیٹھنا شامل ہیں۔ صرف...
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں